نگاه نو- امریکی فوج نے بحیرہ عمان میں ایک جہاز کو نشانہ بنا کر اسے ناکارہ بنا دیا ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ جہاز ایران کے خلاف نافذ سمندری ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس حوالے سے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی فوج نے ایک تجارتی جہاز کو، جو بار بار ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا، روک کر اسے بے کار کر دیا۔
امریکی فوج کے سنٹرل کمانڈ نے بتایا کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی بحال کیے جانے کے بعد یہ دوسرا تجارتی جہاز ہے جسے روکا گیا ہے۔
ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس ٹینکر کا نام “ایم ٹی لوین” تھا اور اسے ناکہ بندی کو نظر انداز کرتے ہوئے بحیرہ عمان میں گزرنے کی کوشش پر امریکی افواج کی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی فوج کی جانب سے دو دیگر جہازوں پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کی سفارت خانے میں معاون اور مندوب غلامحسین درزی نے سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا کہ “ناجی-15” اور “ناجی-16” جہازوں کو نشانہ بنانا، جو حملے کے وقت کسی بھی فوجی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے، بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ جنگی جرم کی واضح مثال ہے۔

